وادی کشمیر میں پیر کے روز تمام کالجوں میں قریب ایک برس بعد تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل در آمد کے بیچ درس و تدریس کا عمل باقاعدگی سے شروع ہوا۔
وادی میں سال گذشتہ کے ماہ مارچ میں ہی کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے بند کر دئے گئے تھے اور بعد میں تعلیم و تعلم کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لئے آن لائن کلاسز کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔
متعلقہ حکام کے مطابق وادی میں پرائمری و مڈل سطح تک کے اسکول یکم مارچ سے کھلنے والے ہیں جبکہ جموں میں یکم فروری سے ہی کالج کھل گئے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے سرینگر میں قائم مختلف کالجوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ کالجوں میں صبح سے ہی طلبا کے جوق در جوق آنے کا سلسلہ جاری تھا۔