گاندربل:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے گاندربل میں ایک ماہ قبل موسلا دھار بارش کے دوران گرے چنار کے درخت ابھی نہیں ہٹایا گیا ہے۔ اس سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے انتظامیہ پر عدم توجہی کا الزام لگایا ہے۔ ضلع انتظامیہ کی بے حسی کے باعث ایک ماہ قبل موسلادھار بارش کے نتیجے میں صدیوں پرانا چنار کا درخت جڑوں سے اکھڑ کر زمین بوس ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں سالورہ رابطہ سڑک کا ایک حصہ نا قابل آمد و رفت بن گیا۔ پچھلے ماہ مسلسل موسلا دھار بارش کی وجہ سے سالورہ رابطہ سڑک پر 7 جولائی کو وانی پورہ کے مقام پر سڑک کنارے صدیوں پرانا چنار کا درخت زمین بوس ہو گیا۔
تاہم غنیمت رہی کہ چنار کا درخت خالی اراضی پر گرا جس کی وجہ سے جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم درخت گرنے سے سالورہ رابطہ سڑک کا ایک حصہ مکمل طور پر ناقابل آمد و رفت بن گیا، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس بارے میں سماجی کارکن بلال احمد نے بتایا کہ 7 جولائی کو مسلسل بارش کی وجہ سے سڑک کنارے پر صدیوں پرانا چنار کا درخت گر گیا۔ اس کی جڑوں کی وجہ سے سڑک کے ایک حصے سے نقصان پہنچا ہے۔