وترسو:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں ہر سال کی طرح امسال بھی 14 نومبر کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ یوم اطفال منایا گیا۔ اس دن کو ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے جنم دن کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ اسی درمیان بجبہارہ میں واقع ہیومینٹی ویلفیئر آرگنائزیشن ہیلپ لائن نے گورنمنٹ ڈگری کالج وترسو اور ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے اشتراک سے ڈگری کالج وترسو میں مختلف اسکولوں سے آئے ہوئے بچوں کے لئے مصوری کے مقابلے کا انعقاد کیا۔ اس مقابلے میں گجر بکروال طبقے سے تعلق رکھنے والے بچے اور زیبہ آپہ انسٹیٹیوٹ بجبہارہ کے جسمانی طور معذور بچوں نے حصہ لیا۔
اس موقع پر چیف ایجوکیشن آفیسر اننت ناگ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج وترسو پروفیسر سید جاوید، ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی سیکریٹری تبسم قادر پرے اور بہت ساری سماجی شخصیات نے بچوں کی پذیرائی کے لئے شرکت کی، بچوں نے اس مصوری مقابلے میں سبقت حاصل کرنے کے لئے جوش و خروش اور خوشی سے مصوری کی، اور آخر میں اس مصوری مقابلے میں حصہ لینے والے بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔