اننت ناگ:ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھی ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے جنم دن کے موقعے پر جوش و خروش کے یوم اطفال منایا گیا۔ اس دوران پر ضلع اننت ناگ میں یوم اطفال کے موقع پر ہیومینٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں جسمانی طور پر مخصوص بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اگرچہ اس دن کی خصوصیت ہے کہ بچوں کو مساوی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، بچوں کی تعلیم و تربیت ان کی نشونما پر گفتگو کی جاتی یے، تاہم بدقسمتی سے آج بھی ہمارے سماج میں بچوں کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو تعلیم سے محروم ہیں اور مجبوری کے سبب معصوم بچے مزدوری کرتے ہیں۔
یوم اطفال کے موقع پر ای ٹی وی بھارت نے ضلع اننت ناگ کے جاوید احمد ٹاک بات چیت کی جو خود بھی معذور ہیں لیکن مخصوص افراد خاص طور پر بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے ہیں، جس کے لئے انہیں گزشتہ برس پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ جاوید احمد ٹاک نے آج سے کئی برس قبل دیہی و دور دراز علاقوں کے اسکولوں میں جاکر معذور بچوں کی حالت کا جائزہ لیا۔ اسکولوں میں جسمانی طور پر مخصوص بچوں کی ناگفتہ بہ حالت کو دیکھ کر انہوں نے ایک نئی پہل شروع کی اور سنہ 2008 میں ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں زیبہ آپا انسٹی ٹیوٹ کے نام سے جسمانی طور مخصوص بچوں کے لیے ایک الگ اسکول قائم کیا۔