محکمہ سیاحت کی جانب سے ضلع بڈگام کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے سیاحتی مقام دودھ پتھری میں ونٹر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ اس خصوصی تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں کئی رنگا رنگ پروگرامز بھی پیش کئے گئے۔ پروگرام میں بانڈی پاتھر کے علاوہ دیگر کئی فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے اور اپنی آوازوں سے لوگوں کے دلوں کو جیت لیا۔
سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے ونٹر فیسٹیول کا اہتمام
اس تقریب کے انعقاد کا یہ بھی مقصد ہے کہ دودھ پتھری کی جانب سیاحوں کو راغب کیا جائے تا کہ لوگوں کے لئے روزگار کے ذرائع پیدا ہوں۔
پروگرام میں موجود لوگوں نے انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اس قدم کی ستائش کی۔
اس تقریب کے دوران مختلف اقسام کے اسٹالز لگائے گئے تھے اور ان اسٹالز پر کشمیری تہذیب و تمدن کا رنگ غالب تھا۔
وہیں اس پروگرام میں کئی فن کاروں نے بھی اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔
فنکاروں کا کہنا ہے کہ اس تقریب سے انہیں بھی اپنے فن کو لوگوں تک پہنچانے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم سے کم ثابت نہیں ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سیاح بھی پروگرام میں شرکت کے بعد مسرور نظر آئے۔
اس موقع پر ڈی سی بڈگام شہباز مرزا نے کہا کہ ضلع میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ضلع انتظامیہ محکمہ سیاحت کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہے۔ انہوں نے محکمہ سیاحت پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی تقاریب کا انعقاد بڈگام کے دیگر سیاحتی مقامات پر بھی کرے۔
محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جی این ایتو نے تمام اسٹیک ہولڈرس کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دودھ پتھری ایک خوبصورت مقام ہے۔ ملک اور بیرون ممالک کے سیاحوں کو یہاں راغب کرنے کے لئے وہ اقدامات اٹھائیں گے۔
اس کے علاوہ تعمیر و ترقی پر بھی خاص توجہ دی جائے گی تاکہ سیاحوں کو دوران سیاحت مشکلات پیش نہ آئے۔
دودھ پتھری مقامی سیاحوں میں کافی مقبول ہے۔ اگر اس کی ترقی کی جانب توجہ دی جائے تو یہاں کافی سیاح آسکتے ہیں۔ وہیں موبائل نیٹ ورک کے حوالے سے بھی انتظامیہ کو اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ سیاحوں کو دودھ پتھری آنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔