جالندھر: پنجاب میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی کسان گارڈ پارٹی نے ترن تارن کے نوشہرہ ڈھلہ گاؤں سے گرفتار شدہ دو پاکستانی شہریوں کو پاک رینجرز کے حوالے کر دیا۔
بی ایس ایف کے تعلقات عامہ کے افسر نے منگل کو بتایا کہ پیر کے روز سرحد پر تعینات بی ایس ایف کسان گارڈ پارٹی نے ترن تارن ضلع کے نوشہرہ ڈھلہ گاؤں کے قریب آنے والے علاقے میں دو پاکستانی شہریوں کو بین الاقوامی سرحد عبور کر کے ہندوستانی علاقے میں داخل ہوتے ہوئے پکڑ لیا۔ ان کی شناخت 25 سالہ شبیب خان، ساکن پنچک، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکستان اور 21 سالہ محمد چاند، ساکن شاہدرہ پنڈ، ضلع - لاہور، پاکستان کے طور پر ہوئی ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ پکڑے گئے دونوں پاکستانی شہری غیر دانستہ طور پر ہندوستانی حدود میں داخل ہو گئے تھے۔ ان کے قبضے سے ذاتی سامان اور ایک ہزار روپے کی پاکستانی کرنسی کے علاوہ کوئی چیز قابل اعتراض نہیں ملی۔