تین روزہ دورے کے دوران یہ وفد گلمرگ، پہلگام جیسے پُر کشش مقامات کی سیر پر گیا۔ اس دوران اس وفد نے جموں و کشمیر انتظامیہ اور محکمہ سیاحت کے افسران سے بھی ملاقات کی۔
'بالی ووڈ شوٹنگ سے کشمیر میں سیاحت کو فروغ ملے گا' معروف فلم سازوں کے دورے سے وادی میں سیاحت سے جڑے افراد کافی خوش نظر آئے۔
ان افراد کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کی واپسی سے کشمیر کی سیاحت کو فروغ ملے گا کیونکہ فلم شوٹنگ سے کشمیر کے خوبصورت مناظر اور مقامات کو پوری دنیا میں تشہیر ہوگی۔
عبدالحفیظ نامی ایک شکارہ مالک نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ یہ ایک پُر مسرت بات ہے کہ بالی ووڈ کشمیر میں شوٹنگ شروع کرے گا۔
شعبہ سیاحت کے ناظم غلام نبی ایتو نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ فلم پروڈیوسر کا مقصد ہے کہ کشمیر پھر سے دنیا کے سیاحوں کے لیے پسندیدہ تفریحی مقام بنے-
انہوں کہا کہ سیاحت کے علاوہ فلم شوٹنگ سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
ادھر بالی ووڈ انڈسٹری کے وفد نے بھی کشمیر کو فلمی دنیا کے لیے ایک موزوں جگہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق کشمیر میں فلم شوٹنگ کے ریوائیول کے ساتھ ہی مقامی لوگوں اور ہنر مند افراد کے لئے روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔
اس دوران کئی وفود نے فلمی دنیا کے اس وفد سے ملاقات کی اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ وفد نے شوٹنگ کے لیے موزوں مقامات کا بھی معائنہ کیا۔
پانچ اگست 2019 کو دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد انتظامیہ نے یہاں کرفیو نافذ کر کے سیاحوں کا انخلاء کیا تھا۔ بندشیں ختم ہونے کے فوراً بعد انتظامیہ نے کووڈ 19 لاک داؤن کا نفاذ عمل میں لایا جس سے یہاں سیاحتی شعبہ مکمل طور پر ٹھپ ہوا۔ تاہم نئے سال کی شروعات اور برفباری کی وجہ سے سیاحوں نے وادی کا رخ کرنا شروع کیا جس سے شعبۂ سیاحت سے جڑے لوگوں میں کافی مسرت پیدا ہوئی ہے اور اب بالی ووڈ کی واپسی اس شعبہ میں مزید چار چاند لگائے گی۔