روہت کنسل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وادی میں حالات معمول پر آرہے ہیں جبکہ جاریہ ہفتہ کھولے گئے 1500 پرائمری اور ایک ہزار میڈل سکولز میں طلبا کی حاضری کا تناسب دن بدن بڑھ رہا ہے۔
کشمیر میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات انہوں نے پریس کانفرنس میں ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریاست بھر میں 360 بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ لیا ہے جس کےلیے تیاریاں جارہی ہیں۔
اس موقع پر سکریٹری رورل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ شیٹل نندا نے بتایا کہ انتخابات کے سلسلہ میں سب سے پہلے تحفظات کے عمل پر کام کیا جارہا ہے جبکہ وادی میں یہ عمل پورا ہوچکا ہے اور جموں میں یہ عمل آخری مراحل میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چیف الکٹورل آفیسر انتخابات کرانے کے ذمہ دار ہیں اور بہت جلد اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
شیٹل نندا نے بتایا کہ انتخابات کا عمل ستمبر کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔
اپوزیشن کے وفد کو ایئرپورٹ سے واپس بھیجے جانے کے واقعہ پر کنسل نے کہا کہ وادی میں سرحد پار دہشت گرد سرگرمیوں کے اندیشہ کے تحت حکومت نے اپوزیشن کے سینئر رہنماؤں سے کشمیر نہ آنے کےلیے کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر میں امن کی صورتحال کو بگاڑنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کی پابند ہے۔
گرفتاریوں کے سلسلہ میں پوچھے گئے سوال پر کنسل نے کہا کہ امن و ضبط کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلیے کچھ لوگوں کو حراست میں لیا جارہا ہے۔
انہوں نے سیب کی درآمدات کے سلسلہ میں کہا کہ اگست سے فروری تک یہ سیزن جاری رہتا ہے اور حکومت اس سلسلہ میں ضروری کاروائی کرتے ہوئی دراْمدات کے عمل کو پورا کیا جائے گا۔
کنسل نے مواصلات پر عائد پابندیوں پر کئے گئے سوال پر وہی گھسا پٹا جواب دیا کہ بہت جلد لینڈ لائن خدمات کو بحال کردیا جائے گا۔
انہوں نے ایک خاتون صحافی کی جانب سے صورہ واقعہ کے بعد گرفتاریوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کو ٹال دیا اور کہا کہ انہیں اس سلسلہ میں بذات خود ملاقات کرکے بتایا جائے تو بہتر ہوگا۔