سرینگر(جموں و کشمیر): مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی لداخ اکائی نے اپنے نائب صدر نظیر احمد کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی برطرف کر دیا گیا ہے۔ لیہہ میں واقع بی جے پی دفتر کی جانب سے جاری کردہ سرکولر کے مطابق یہ فیصلہ ایگزیکٹیو اراکین کی میٹنگ میں کیا گیا۔ اس میٹنگ کی صدارت پارٹی کے مقامی صدر پنچوک اسٹینزین نے کی۔
سرکولر میں مزید کہا گیا ہے کہ نذیر احمد کو ان کے بیٹے منظور احمد کے ایک حساس معاملے میں ملوث ہونے کے سلسلے میں وضاحت کے لیے کافی وقت دیا گیا تھا۔ اس واقعے کو لداخ میں تمام مذہبی برادریوں کی طرف سے ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے، کیونکہ اس سے اس خطے کے لوگوں کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کو خطرہ لاحق ہے۔ اطلاعات کے مطابق نظیر احمد کے فرزند نے ایک مقامی لڑکی کے ساتھ شادی کی ہے جو لیہہ کے اکثریتی فرقے کے ساتھ تعلق رکھتی ہیں۔ لداخ میں قلیل آبادی رہتی ہے اور متعدد بار اس قسم کی شادیوں سے فرقہ وارانہ تناؤ پیدا ہوا ہے۔