پنچایت ترقیاتی فنڈس کی عمل آوری اور منریگا کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لیے بلاک ڈیویلپمنٹ کونسلر کاستی گڑھ عبدالغنی بٹ نے بلاک کاستی گڑھ کی پنچائت کوٹلی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ بی ڈی او کاستی گڑھ کے علاوہ دیگر ملازمین بھی موجود تھے۔
بی ڈی سی کاستی گڑھ کو پنچائت کوٹلی کی عوام نے اپنی مشکلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اُن کو تاحال منریگا کے تحت سال 2020 -21 کا روزگار نہیں ملا ہے۔ اس کے علاوہ پنچائت ترقیاتی فنڈس کے تحت کئے جانے والے کاموں کی رقومات موصول نہیں ہوئی ہیں، ساتھ ہی سال 2018-19- میں منریگا کے تحت کام کئے تھے اُس کی بھی نصف اجرتیں التواء کا شکار ہیں جبکہ ناہی میٹریل کا پیسہ تین برس سے وصول طلب ہے۔
اس موقع پر بی ڈی سی نے عوام کو یقینی دلایا کہ اُن کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ کچھ مسائل کا بروقت ازالہ بھی کیا گیا۔ مذکورہ پنچائت کے مختلف عوامی وفود نے بی ڈی سی سے ملاقات کی اور بتایا کہ علاقہ کو صدر مقام کاستی گڑھ سے جوڑنے والی کڈل ہوائی موڑ سڑک، کتھڑی تا ڈگری کالج، دھاروٹھ تا کوٹلی اور ہنڈواس تا شروڑ سڑک کی تعمیر بہت ضروری ہے کیونکہ پنچائت کوٹلی کا رابطہ تحصیل صدر مقام سے منقطع ہے اور لوگوں کو پیدل گھنٹوں سفر کرکے تحصیل تک رسائی ہوتی ہے۔