جموں کے نانک نگر علاقے میں جے کے بینک کے اے ٹی ایم گارڈ کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ہوئے بانڈی پورہ، کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں میں سے ایک نوجوان کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ ان کا بیٹا بے قصور ہے لہذا پولیس معاملے کی صحیح اور شفاف طریقے سے تحقیقات کرے۔
بینک اے ٹی ایم گارڈ قتل معاملہ: 'میرا بیٹا بے قصور ہے' - صحیح اور شفاف طریقے سے تحقیقات کریں
جموں و کشمیر بینک اے ٹی ایم گارڈ قتل معاملے میں گرفتار کئے گئے بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں میں سے ایک وقاص بشیر کے والد بشیر احمد لون نے کہا کہ پولیس کو معاملے کی صحیح اور گہری جانچ پڑتال کرنی چاہئے کیوں کہ یہ کسی کی زندگی کا سوال ہے۔
گرفتار نوجوان وقاص بشیر کے والد بشیر احمد لون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو معاملے کی صحیح اور گہری جانچ پڑتال کرنی چاہئے کیوں کہ یہ ان دو نوجوانوں کی زندگی کا سوال ہے۔
بشیر احمد لون نے کہا کہ 'میرا بیٹا بے قصور ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پولیس اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے۔ پولیس کو جلد بازی میں اس نتیجے تک نہیں پہنچنا چاہئے کہ ان نوجوانوں کو قاتل گردانا جائے۔ دو ابھرتے طالب علموں کا کیریئر اور زندگی خطرہ میں ہے۔ یہ ہمارے تصور سے بالاتر ہے کہ وہ اس طرح کا جرم انجام دیں سکتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ وہ مقتول اے ٹی ایم گارڈ کے لواحقین سے دلی ہمدردی رکھتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں تاہم پولیس کو ان کے بیٹوں کے خلاف ٹھوس ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔'
بشیر احمد لون نے کہا کہ ' ہم پولیس سے سی سی ٹی وی فوٹیج دکھانے کے لیے کہہ رہے ہیں جس کا وہ دعویٰ کررہے ہیں۔ اس میں ہمارے بیٹوں کی شمولیت ظاہر ہوئی ہے لیکن آج تک ہمیں اس بات کا ثبوت نہیں دکھایا گیا۔'