سرینگر: تاریخی جامع مسجد سرینگر میں آج مسلسل دسویں جمعہ بھی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ جمعہ کو ایک بار پھر جامع مسجد کا مرکزی دروازہ نمازیوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور مسجد کے گردنواح میں پولیس، سی آر پی ایف اہلکاروں کی تعیناتی کو عمل میں لائی گئی ہے۔ انجمن اوقاف کے مطابق حکام نے انہیں مطلع کیا کہ وہ مسجد کا دروازہ نہ کھولیں کیونکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ایسے میں میر واعظ کی رہائی کے بعد یہ دسواں جمعہ ہے جب حکام کی جانب سے نماز جمعہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اگرچہ اس حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا لیکن فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے پیش نظر اسرائیل کے خلاف احتجاج اور فلسطین کے تئیں یکجہتی کے طور پر مظاہرے ہونے کے خدشے کے پس منظر میں اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ ایسے میں امن وقانون کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔