سرینگر:مزکر کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں کھیل کو د کی سرگرمیوں کے ذریعہ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی صلاحیت نکھارنے کی کوشش تیز کردی گئی ہے۔ یوٹی جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں کرکٹ سمیت مختلف کھیل کود کے مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
یوٹی جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں خواتین کو بااختیار بنانے اور شہریوں کے ساتھ مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کھیل کود کا سہارا لیا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں بھارتی فوج نے 19 اگست سے 27 اگست 2023 تک کشمیر ویمن ٹی20 کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا۔ اس میں مختلف علاقوں سے کل 12 خواتین ٹیموں نے حصہ لیا۔ 12 ٹیموں نے 19 سے 25 اگست تک لیگ کم ناک آؤٹ میچ کھیلے اور اس کے بعد دو ٹیمیں یعنی اننت ناگ ریبلس اور بڈگام اسٹرائیکرز فائنل میں پہنچیں۔