سرینگر:مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے سرینگر میں واقع امرسنگھ کالج، اسلامیہ کالج اور کے جی پی سرینگر سمیت دیگر کالجوں میں بھی طلباء نے قصوروار طالب علم کے خلاف اور اسلام کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے والے گستاخ کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ گذشتہ کل کی صورت حال کے پیش نظر اسلامیہ کالج آف سائنس اینڈ کامرس انتظامیہ نے جمعرات یعنی 30 نومبر کو احتیاطا" اپنی تمام تدریسی اور تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھی ہیں، وہیں آج ہونے والے تمام امتحانات کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ این آئی ٹی سرینگر میں ایک غیر مقامی طالب علم کی جانب سے منبینہ طور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی سوشل میڈیا پوسٹ کے خلاف طلباء کے احتجاج کے ایک دن بعد این آئی ٹی سرینگر میں بدھ کو تمام تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔ صورت حال کو بھاپتے ہوئے این آئی ٹی انتظامیہ نے مشاورت کے بعد تدریسی سرگرمیوں کو احتیاط کے طور بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔