سرینگر: جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک اہم فیصلے کے تحت سکمز صورہ اور سکمز بمنہ میں براہ راست بھرتی کے اختیارات کو بھی ختم کیے ہیں ایسے میں دونوں اسپتالوں میں تمام گزیٹڈ آسامیاں راست کوٹے کے تحت جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پرُ کی جائیں گی۔ منگل کو جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق سکمز صورہ اور بمنہ کی تمام گزٹیڈ فیکلٹی کی آسامیوں کی بھرتیاں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی سیکرٹری جی اے ڈی صہیب محمد نائیکو کی جانب سے جاری کئے گئے اس حکم نامے میں مزید محکمہ کے حوالہ نمبر GAD(Adm)S1/2020-IV بتاریخ 15.01.2021 کے تسلسل میں ہے جس کے تحت درجہ چہارم اسامیوں کو پرُ کرنے کی خاطر جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کو مشورہ دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رواں برس کے فروری مہینے میں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ کی خود مختاری ختم کر دی گئی ہے۔ سکمز صورہ کی انتظامیہ محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے زیر نگرانی اب کام کررہا ہے۔جس کے مطابق تمام معاملات، تجاویز اور فائلز کی منظوری وغیرہ کے لیے محکمہ صحت اور طبی تعلیم ہی مجاز اتھارٹی ہے۔