سرینگر: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں آج آل انڈیا لیگل سروس اتھارٹی میٹ منعقد کی گئی جو اس نوعیت کا پہلا اجلاس ہے۔ اس موقعے پر لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے وادی کی موجودہ صورتحال کو کشمیر کی بدلتی ہوئی کہانی قرار دیا۔ ایل جی منوج سنہا نے اس میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران جموں کشمیر میں بہت کچھ بدلا ہے۔ آج کشمیر اور سرینگر میں وہ اجلاس منعقد کیے جارہے ہیں جن کا یہاں انعقاد کرنا تصور سے باہر تھا۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی سے جموں کشمیر میں آٹھ سو قانون یہاں لاگو ہوئے جن سے سماج کے ان طبقوں کو اپنے حقوق ملے جن سے یہ حقوق چھینے گئے تھے۔یہ ایک مثبت پہلو ہے۔ منوج سنہا نے یہ باتیں چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائے چندر چوڑ کے سامنے کہی جن کی عدالت میں دفعہ 370 کا معاملہ زیر سماعت ہے۔آل انڈیا لیگل سروس اتھارٹی کی یہ میٹنگ سرینگر کے شیر کشمیر کنونشن سنٹر میں منعقد کی جارہی ہی جس میں چیف جسٹس آف انڈیا کے علاوہ وزیر قانون ارجن رام میگوال، سپریم کوٹ کے دیگر جسٹس، جموں کشمیر عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اور دیگر شخصیات موجود تھے۔