جموں و کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ-19 کے 73 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ اپریل ماہ سے جموں و کشمیر میں لگاتار کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا تھا تاہم گزشتہ ماہ سے یہاں کورونا کیسز میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ اس سے قبل شبہ ظاہر کیا جاتا تھا کہ سردی کے ایام میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اندازے کے عین برعکس سردی کے شروع ہوتے ہی یہاں مثبت معاملات میں نمایاں کمی واقع ہرئی ہے۔
نئے کیسز میں سے 15 خطہ جموں سے جبکہ 58 خطہ کشمیر سے ہیں۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1951 ہو گئی ہے۔وہیں گزشتہ روز کورونا وبا سے دو افراد کی موت ہوگئی جن میں سےایک کا تعلق کشمیر خطے اور دوسرے شخص کا جموں سے تھا۔
حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز 65 کورونا مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔ صحتیاب ہوئے مریضوں میں سے 16 جموں خطے سے ہیں اور 49 کشمیر وادی سے ہیں۔ صحتیاب ہونے والوں کی کل تعداد 122768 ہو گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ میڈیا بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 125341 پازیٹیو کیسز میں سے 622 کیسز فعال ہیں جبکہ 122768 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔