جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے پہلے مرحلے میں انتخابات میں حصہ لینے والی 43 نشستوں کے لئے 352 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔
سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں ہونے والی 43 نشستوں کے لیے 350 سے زیادہ نامزدگی موصول ہوچکی ہیں جن کے لئے 28 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔
سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ کل 352 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
واضح رہے کہ 43 نشستوں میں سے 25 وادی کشمیر میں اور 18 جموں خطے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں
کشمیر ڈویژن میں 183 کاغذات نامزدگی داخل کردیئے گئے ہیں جبکہ جموں ڈویژن میں یہ تعداد 169 ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ پنچایت ضمنی انتخابات کے لیے سرپنچ نشستوں کے لیے 360 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں جبکہ پنچ نشستوں کے لیے 1،761 نامزدگی موصول ہوئے تھے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں تین بلدیاتی اداروں سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی)، پہلگام میونسپل کونسل اور اشمقام میونسپل کونسل کے لیے بھی ضمنی انتخابات ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے می ںایس ایم سی کے دو وارڈز کے لیے 21 جبکہ پہلگام میونسپل کونسل کے نو وارڈوں کے لئے 31 نامزدگی موصول ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اشمقام میونسپل کونسل کے پانچ وارڈوں کے لیے 10 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں انتخابات میں حصہ لینے والے تینوں اداروں کے تمام وارڈوں کے لئے نامزدگی موصول ہوئے ہیں۔
بیشتر کاغذات نامزدگی شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں موصول ہوئے جہاں ڈی ڈی سی انتخابات اور سرپنچ اور پنچ حلقوں کی خالی نشستوں کے لئے 196 امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ تین ڈی ڈی سی انتخابی حلقوں یعنی کالاروس ، کرال پورہ اور تنگدر کے لئے نامزدگی کے 33 فارم موصول ہوئے تھے جبکہ ان حلقوں میں آٹھ خالی سرپنچ نشستوں کے لیے بھی 20 نامزدگی موصول ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 79 پنچ نشستوں کے لئے 143 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے۔
جنوبی کشمیر کے شوپیان میں پہلے مرحلے کے لئے 94 نامزدگی فارم موصول ہوئے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے 18 جبکہ،12 سرپنچ کی خالی نشستوں کے لئے اور 64 پنچ نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی موصول ہوئے تھے۔
ڈی ڈی سی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے کل 2،644 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے اور انتخاب کنندہ کی تعداد 7،03،620 ہے۔