تیندووں کی دہشت، جانوروں اور کتوں کو نشانہ - گزشتہ کئی مہینوں
ہماچل پردیش میں کلو ضلع کے بنجار سب ڈویزن کی چکورٹھا گرام پنچایت کے تحت دلیاڑا اور فگوانا گاوں میں کئی مہینوں سے دو تیندووں نے دہشت پھیلا رکھی ہے اور وہ اب تک کئی جانوروں اور کتوں کو اپنا نشانہ بنا چکے ہیں۔
گاوں والوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے یہاں پورے علاقہ میں دو تیندوئے بے خوف گھوم رہے ہیں اور لوگوں کے جانوروں اور گھروں میں گھس کر کتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
اب یہ تیندوئے دن میں بھی چراگاہوں میں جانوروں پر حملہ کررہے ہیں۔تیندووں نے دلیاڑا گاوں کے بہاری لال کی چھ بھیڑیں، ایک بیل اور ایک گائے پر دن میں ہی حملہ کرکے انہیں مار دیا۔
بہاری لال کے بیٹے پرشوتم شرما نے بتایا کہ ان کے جانور گھر کے نزدیک کھیتوں میں چر رہے تھے کہ اچانک تیندوئے نے حملہ کرکے کچھ بھیڑوں سمیت آٹھ جانور مار دیئے۔ حملے کے بعد تیندوا کہیں چھپ گیا۔
یہ واقعہ پھگوانا سیکنڈری اسکول کے نزدیک ہوا جہاں تقریباََ 250بچے زیرتعلیم ہیں۔ گاوں والوں کا کہنا ہے کہ اگربروقت کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تو یہ تیندوئے اسکولی بچوں پر بھی حملہ کرسکتے ہیں۔
تیندووں کے خوف کے سبب لوگوں خاص طورپر بچوں کا گھرسے دن اور رات کو باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ یہ تیندوئے تقریباََ دو درجن کتوں کو اپنا نشانہ بنا چکے ہیں۔
لوگوں نے محکمہ جنگلات اور ضلع انتظامیہ سے ان تیندووں کو جلد از جلد پکڑنے کی مانگ کی ہے۔