شملہ:صدر دروپدی مرمو نے منگل کو شملہ کے قریب چھرابڑا میں راشٹرپتی نواس میں تیار شدہ ٹیولپ گارڈن کا افتتاح کیا۔ مشوبرا کے قریب راشٹرپتی نواس، جسے پہلے 'پریسیڈینشیل ریٹریٹ' کہا جاتا تھا، 23 اپریل 2023 سے شائقین اور سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس سے سیاح اور عام لوگ بھی یہاں کا دورہ کر سکیں گے اور ٹیولپ گارڈن میں اسٹرانگ، گولڈ، ڈنمارک، ویل مارک، جمبو پنک اور لیپ ٹاپ جیسے ٹیولپس کی مختلف اقسام دیکھ سکیں گے۔صدر دروپدی مرمو نے راشٹرپتی نواس کے احاطے کا دورہ کیا اور دیگر پھولوں اور پودوں کے بارے میں اطلاعات حاصل کیں۔افتتاح کے بعد صدر کے ساتھ گورنر شیو پرتاپ شکلا اور وزیر اعلیٰ ٹھاکر سکھویندر سنگھ سکھو نے بھی ٹیولپ گارڈن کا دورہ کیا۔ راشٹرپتی نواس کے نیچر ٹریل اور باغات کو بھی 23 اپریل سے فطرت سے محبت کرنے والوں اور دیگر شائقین کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس کے لیے راشٹرپتی بھون کی آفیشل ویب سائٹ https://visit.rashtrapatibhavan.gov.in پر آن لائن بکنگ کی جا سکتی ہے۔
وہیں شملہ پہنچنے کے ایک دن بعد، کل یعنی 19 اپریل کو صدر دروپدی مرمو ہماچل پردیش یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گی۔ صدر کے ہاتھو 10 ہونہار طلبا کو گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔ 20 اپریل کو راج بھون میں صدر جمہوریہ کے اعزاز میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ صدر دروپدی مرمو 21 اپریل کو دہلی واپس جائیں گی۔ غور طلب ہے کہ صدر دروپدی مرمو کے چار روزہ قیام پر آج شملہ پہنچنے پر گورنر شیو پرتاپ شکلا اور وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے مشوبرا کے کلیانی ہیلی پیڈ پر صدر کا استقبال کیا۔ صدر کے ہمراہ ان کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔