شملہ: ہماچل کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے کہا کہ ریاست میں منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے لیے موجودہ ریاستی حکومت عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں پر لگام لگانے کے ساتھ ہی نگرانی اور روک تھام کے لیے وقف عملہ تعینات کیا جائے گا۔ سکھو کی صدارت میں جمعہ کو یہاں ایم ایل اے کی ترجیحی میٹنگ کے تیسرے دن فائنل سیشن میں ضلع چمبہ، شملہ اور لاہول اسپتی کے ایم ایل ایز کی تجاویز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سہارا اور ہم کیئر اسکیموں کو آسانی سے چلانے کے لیے 900 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔ مزیدکہا کہ ریاستی حکومت ان اسکیموں کے ذریعہ بے سہارا لوگوں کا سہارا بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ تین دنوں میں ارکان اسمبلی کے حلقہ سے متعلق ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور اچھی تجاویز سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ اقتدار کے لیے نہیں بلکہ نظام میں تبدیلی کے لیے آئے ہیں اور اس کے لیے سبھی کی تجاویز کا خیرمقدم ہے، تاکہ ریاست کے عوام کو اس کا فائدہ ملے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کے لیے سخت فیصلے بھی کرنے ہوں گے۔