ریاست ہماچل پردیش کے کننور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ جس کی شدت ریختر پیمانے پر 3.2 درج کی گئی۔
یہ اطلاع دیتے ہوئے محکمہ موسمیات مرکز شملہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے صبح تقریبا ایک بج کر تین منٹ پر محسوس کیے گئے۔
زلزلے کا مرکز کننور میں 31.24 ڈگری شمالی عرض البلد اور 78.46 ڈگری مشرقی طول البلد پر تھا، جو زمین کی سطح سے سات کلومیٹر نیچے تھا۔ رات کی وجہ سے، زیادہ تر لوگوں کو زلزلے کا پتہ نہیں چل سکا۔
زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریاست کے بیشتر حصے زلزلے کے نظریے سے بہت حساس ہیں۔ سن 1905 میں ریاست میں ایک طاقتور زلزلہ کانگڑا میں آیا تھا، جس میں لگ بھگ 20 ہزار افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زیادہ مکانات منہدم ہوگئے تھے۔