شملہ: ریاست ہماچل پردیش کے ضلع چمبہ میں پیر کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر بھاگنے لگے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق فی الحال زلزلے سے ضلع میں کسی جان ومال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 2.1 کے قریب تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا مرکز جموں و کشمیر میں تھا۔ صبح تقریباً 8 بجے زلزلے کے جھٹکے دو سیکنڈ تک محسوس کیے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع چمبہ کو زلزلے کے نقطہ نظر سے انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے اور اسے ان پانچ زون میں شامل کیا گیا ہے جہاں زلزلے کی شدت زیادہ ہونے پر جان و مال کا بھاری نقصان ہو سکتا ہے۔ چمبہ میں اکثر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ اتراکھنڈ میں زلزلے کے جھٹکے مسلسل محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے اترکاشی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اترکاشی میں آدھی رات کو ایک کے بعد ایک زلزلے کے پانچ جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل کر محفوظ مقامات پر چلے گئے تاہم زلزلے کی شدت میں کمی کی وجہ سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے ساتھ ہی اترکاشی انتظامیہ نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے لوگوں سے محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی اپیل کی لیکن زلزلے کے پانچ جھٹکوں نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا۔