شملہ: ہماچل پردیش کے کلو ضلع کی گڈسا وادی میں منگل کی صبح بادل پھٹنے سے زبردست تباہی ہوئی۔ بادل پھٹنے سے پنچنالہ اور ہرلا نالہ زیر آب آ گیا۔ جس کی وجہ سے 5 مکانات مکمل طور پر جبکہ 15 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تین پل بھی سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی بھونٹر گڈسا مانیار سڑک کو بھی کئی مقامات پر نقصان پہنچا ہے۔ سرکاری اور نجی اراضی کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ کچھ مویشی بھی بہہ گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے نائب تحصیلدار بھنٹر جائےواقع پر روانہ ہو گئے ہیں۔
وادی گڈسا میں بادل پھٹنے کے بعد ہرلا اور پنچنالہ میں سیلاب کے بعد لوگ اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف بھاگ گئے۔ نالے بھر جانے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تاہم بادل پھٹنے کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کلّو میں گزشتہ 16 دنوں میں بادل پھٹنے کے 12 سے زیادہ واقعات کی وجہ سے ماہرین ماحولیات اور مقامی لوگ پریشان ہو گئے ہیں۔