ہماچل پردیش کے روہتنگ ضلع میں ایس اے ایس ای کی جانب سے برفانی تودے گرنے کے انتباہ کے بعد اٹل ٹنل کو سیاحوں کے لیے بند کردیا گیا۔
عہدیداروں کے مطابق کلو، شملہ، لاہول، اسپیتی اور منالی میں برفانی تودے گرسکتے ہیں کیونکہ ان مقامات پر گذشتہ کچھ روز سے شدید برفباری جاری ہے۔ سیاحوں کو صرف سولنگ نالہ تک جانے کی اجازت رہے گی۔
عہدیداروں نے مزید بتایا کہ موسم سازگار ہونے کے بعد اٹل ٹنل کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
منالی کے ایس ڈی ایم رمن گھرسنگی نے بتایا کہ ’برفانی تودے گرنے کا امکان ہے جبکہ علاقے میں شدید برفباری ہوچکی ہے لہذا ہم لوگوں سے اٹل ٹنل کے قریب سفر نہ کرنے کی خواہش کرتے ہیں۔'
اٹل ٹنل دنیا کی سب سے لمبی سرنگ ہے۔ 9.02 کلومیٹر لمبی یہ سرنگ پورے سال منالی اور لاہول اسپیتی وادی کو جوڑتی ہے۔ یہ سرنگ سطح سمندر سے 3 ہزار میٹر (10 ہزار فٹ) کی اونچائی پر ہمالیہ کے پیر پنجال سلسلے میں جدیدترین خصوصیات کے ساتھ تعمیر کی گئی ہے۔ اٹل ٹنل منالی اور لیہہ کے درمیان سڑک کے فاصلے کو 46 کلومیٹر تک کم کرتی ہے۔