ہریانہ کے کچھ علاقوں میں ایک ایسی تنظیم کام کررہی ہے جو غریبوں اور ضرورت مندوں کے لیے مفت خدمات انجام دینے کا کام کرتی ہے۔ سابق اسکواڈرن لیڈر پریم کُھلّر کے ذریعے بنائے گئے ایبل چیریٹیبل اسپتال پلول کے زیر اہتمام اب تک 14 ہزار سے زائد آنکھوں کے فری آپریشن کئے جاچکے ہیں۔ ان کی تنظیم کے کارکنان اور ڈاکٹرس کی ٹیم گاؤں گاؤں جاکر فری کیمپس کا انعقاد کرتی ہے اور موتیابین کی بیماری سے پریشان لوگوں کو اپنی گاڑی سے اسپتال لاتی ہے۔ بعد ازاں ان کا مفت آپریشن کرکے انہیں واپس ان کے گھر تک چھوڑ کر آتی ہے۔
حال ہی میں انہوں نے ڈائلسس سینٹر بھی قائم کیا ہے جس میں نہایت کم خرچ میں مریضوں کو سہولیات فراہم کرائی جا رہی ہیں۔ پریم کُھلّر نے پنجاب یونیورسٹی سے اکانومکس میں ایم اے کیا انہیں بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا شاگرد ہونے کا شرف بھی حاصل ہے۔