چنڈی گڑھ: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی ہریانہ کے جھجر ضلع کے چھارا گاؤں پہنچے۔ یہاں راہل گاندھی نے وریندر آریہ اکھاڑہ میں پہلوان بجرنگ پونیا اور دیگر پہلوانوں سے ملاقات کی۔ پہلوانوں نے راہل گاندھی کو گلدستے کے بجائے تازہ مولی دے کر ان کا استقبال کیا۔ راہل گاندھی نے پہلوانوں کے ساتھ کئی گھنٹے گزارے اور ان سے مختلف امور پر بات کی۔ راہل گاندھی نے پہلوان بجرنگ پونیا کے ساتھ ریسلنگ کی پریکٹس بھی کی۔
واضح رہے کہ چھارا گاؤں ہریانہ کے پہلوان دیپک پونیا کا گاؤں ہے۔ دونوں پہلوان دیپک اور بجرنگ پونیا نے وریندر اکھاڑہ سے ریسلنگ کا آغاز کیا تھا۔ اس سے قبل کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی دہلی میں پہلوانوں سے ملاقات کی تھی۔ اس دوران پرینکا گاندھی نے پہلوان ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا سے تفصیل سے بات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کی تھی۔ پرینکا گاندھی نے پہلوانوں کی لڑائی میں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا تھا۔
واضح رہے کہ پہلوان انڈین ریسلنگ ایسوسی ایشن کے سابق صدر برج بھوشن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کررہے ہیں اور اس مانگ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جنسی استحصال کرنے والے افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے۔ برج بھوشن کے قریبی ساتھی سنجے سنگھ انڈین ریسلنگ اسوسی ایشن کے نئے صدر منتخب ہوئے تو پہلوان ساکشی ملک نے احتجاجاً ریسلنگ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد پہلوان بجرنگ پونیا نے بھی وزیراعظم مودی کی رہائش گاہ کے سامنے اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا۔