فوگاٹ کی گرفتاری کے لئے پوری ریاست میں مارکٹ کمیٹی کے دفتروں کے باہر احتجاج ومظاہرہ ہوا۔ حصار، بالسمند، ہانسی کی اناج منڈیوں کے ملازمین اور تاجروں نے احتجاج کیا۔ حصار کے بالسمند میں مارکٹ کمیٹی ملازمین کے ساتھ کانگریس کارکنان نے بھی احتجاج میں حصہ لیا اور فوگاٹ کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ سونالی کے خلاف بھیوانی، حصار، سرسہ، گوہنہ وغیرہ اضلاع میں مارکٹ کمیٹی کے دفاتر کے باہر زبردست نعرہ بازی ہوئی۔ ملازمین نے الٹی میٹم دیا ہے کہ اگرفوگاٹ کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تو ان کا مظاہرہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملازمین کے ساتھ ایسا سلوک قطعی برداشت کے لائق نہیں ہے۔
ٹوہنہ مارکٹ کمیٹی کے سکریٹری ستبیر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ کافی غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں۔اس طرح ملازمین کی پٹائی ہوگی تو کیسے ڈیوٹی کر پائیں گے۔ ادھر سلطان سنگھ علاج کے لئے سول اسپتال میں داخل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مار پیٹ سے ان کے جسم میں اندرونی چوٹیں آئی ہیں۔ الزام ہے کہ یہ چوٹیں ان کو سونالی فوگاٹ کے حامیوں کے ذریعہ کی گئی پٹائی سے آئی ہیں۔