آئی این ایل ڈی کے سربراہ او پی چوٹالہ کو جیل سے باضابطہ طور پر رہا کردیا گیا ہے۔ اوم پرکاش چوٹالہ جیل سے باہر آچکے ہیں اور وہ کارکنان کے ساتھ گروگرام میں اپنے فارم ہاؤس کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ او پی چوٹالہ کے ساتھ ان کے پوتے کرن سنگھ چوٹالہ موجود ہیں۔
وہیں او پی چوٹالہ کا آئی این ایل ڈی (INLD )کارکنان نے شاندار استقبال کیا۔ خیال کیا جارہا ہے کہ او پی چوٹالہ اپنے فارم ہاؤس میں کارکنان سے خطاب بھی کریں گے۔
غور طلب ہے کہ جے بی ٹی بھرتی گھوٹالہ میں ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ کی سزا گزشتہ بدھ کو مکمل ہوگئی تھی۔ دہلی حکومت، ہائی پاور کمیٹی اور تہاڑ جیل انتظامیہ نے گزشتہ ماہ فیصلہ کیا تھا کہ جن قیدیوں کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور ان کی سزا چھ ماہ باقی ہے، ایسے قیدیوں کو معافی دی جائے گی۔ اس میں ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ کا نام بھی شامل تھا۔ جیل میں قیام کے دوران او پی چوٹالہ نے اب تک 9 سال 9 ماہ کی سزا پوری کی ہے۔