چنڈی گڑھ: نوح عدالت نے جنید ناصر قتل کے ملزم مونو مانیسر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ ہریانہ پولیس نے بجرنگ دل کے رکن اور گئو رکھشک مونو مانیسر کو آج حراست میں لیا تھا۔ جس کے بعد اسے نوح عدالت میں پیش کیا گیا۔ مونو مانیسر کی گرفتاری کی خبر سنتے ہی راجستھان پولیس بھی نوح کورٹ پہنچ گئی اور عدالت سے مونو مانیسر کے پروڈکشن وارنٹ کی درخواست کی جسے عدالت نے قبول کر لیا۔ مونو مانیسر راجستھان کے ناصر جنید قتل کیس کا کلیدی ملزم ہے۔ راجستھان کی بھرت پور پولیس گزشتہ 6 ماہ سے اس کی تلاش کر رہی تھی۔
واضح رہے کہ مونو مانیسر کو ہریانہ پولیس نے مانیسر بازار سے آئی ٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا۔ جہاں اس کے قبضے سے 45 بور پستول اور تین زندہ کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ مونو مانیسر پر نوح تشدد کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پوسٹ کرنے کا الزام ہے۔ ایس پی بھرت پور، مردول کچاوا کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ہریانہ پولیس نے مونو مانیسر کو حراست میں لیا ہے، جو ناصر اور جنید لنچنگ کیس میں مطلوب ہے۔ ہریانہ پولیس اپنی مزید کارروائی کر رہی ہے اور ہمارے افسران ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ جب ان کی کاروائی مکمل ہوجائے گی تو پھر ہماری ڈسٹرکٹ پولیس اپنی کاروائی شروع کر دے گی۔"