راج بھون میں منعقد تقریب میں گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ نے منوہر لال کھٹر اور دشنت چوٹالہ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
ان دونوں کے علاوہ مخلوط حکومت کے کسی بھی دوسرے کابینہ یا وزیر مملکت نے حلف نہیں لیا۔
قیاس لگایا جا رہا ہے کہ نئی حکومت کی کابینہ کو دیوالی کے تہوار کے بعد حلف دلایا جائے گا۔
اس موقع پر بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا، ہماچل پردیش کے وزیراعلی جے رام ٹھاکر، شرومنی اکالی دل کے سربراہ اور پنجاب کے سابق وزیراعلی پرکاش سنگھ بادل، بی جے پی کے قومی تنظیم کے وزیر بی ایل سنتوش، پارٹی کے ریاستی امور کے انچارج ڈاکٹر انیل جین، چنڈی گڑھ بی جے پی کے صدر سنجے ٹنڈن اور پارٹی کے دیگر سینیئر رہنما اور ہریانہ حکومت کے سینیئر افسران موجود تھے۔
واضح رہے کہ ریاست میں گزشتہ 21 اکتوبر کو اسمبلی انتخابات ہوئے تھے اور 24 اکتوبر کو ہوئی ووٹوں کی گنتی میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہ مل پانے کی وجہ سے بی جے پی نے مقامی پارٹی جن نائیک جنتا پارٹی کے دس اور سات آزاد ارکان اسمبلی کی حمایت سے ریاست میں حکومت بنائی ہے، بی جے پی کو اس الیکشن میں 40 سیٹون پر کامیابی ملی تھی۔
حلف برداری کی تقریب میں گزشتہ بی جے پی حکومت میں وزیر رہنے والے کیپٹن ابھیمنیو، رام ولاس شرما، كرشن لال پوار، منیش گروور، کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا، دہلی کی تہاڑ جیل سے فرلو پر باہر آئے دشنت چوٹالہ کے والد اجے سنگھ چوٹالہ، ان کی والدہ اور رکن اسمبلی نینا چوٹالہ اور معززین بھی موجود تھے۔
منوہر لال کھٹر اور دشنت نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ ریاست میں صاف ستھری حکومت دیں گے اور عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں ان کو پورا کریں گے۔