انڈین نیشنل لوک دل(آئی این ایل ڈی)کے رہنما ابھے چوٹالہ خود یہ بات کہہ چُکے ہیں کہ جِند میں ہونے والی اس تاریخی ریلی کے بعد ہریانہ کی سیاست میں بڑا بدلاؤ دیکھنے کو ملے گا۔ سابق مرکزی وزیر اور سینیئر بی جے پی رہنما چودھری بیریندر سنگھ بھی آئی این ایل ڈی کی اس ریلی میں پہنچے ہیں۔ ان کے بیٹے اس وقت حِسار سے بی جے پی کے رکن پارلیمان ہیں۔
اس دوران جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ جِند کے ریسٹ ہاؤس پہنچے ہیں جب کہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل بھی جند پہنچ گئے ہیں۔
جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری کے سی تیاگی اور سابق وزیراعلیٰ او پی چوٹالہ کے ساتھ ابھے چوٹالہ بھی جلسہ گاہ پہنچے۔ اس ریلی میں 5 اسٹیج بنائے گئے اور تیسرے محاذ کی تشکیل کی بنیاد ریلی کے مرکزی اسٹیج سے رکھی جائے گی۔ دوسرا اسٹیج کسانوں کے لیے اور تیسرا کھلاڑیوں کے لیے، چوتھا آئی این ایل ڈی لیڈروں کے لیے اور پانچواں اسٹیج دیگر رہنماؤں کے لیے بنایا گیا ہے۔