ریاست ہریانہ کے ضلع نوح میوات کی نہروں میں پانی نہ آنے سے کسان پریشان ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں رکن اسمبلی آفتاب احمد نے کلِنجر ہیڈ کا دورہ کیا۔
رکن اسمبلی آفتاب احمد درجنوں کسانوں کے ساتھ کلنجر ہیڈ کا جائزہ لینے پہنچے۔ جہاں انھوں نے دیکھا کہ یہاں سے راجستھان کو 200 سے زیادہ کیوسک پانی دیا جارہا ہے لیکن میوات کے کسان پانی سے محروم ہیں۔
نوح میوات کی نہروں میں پانی نہ آنے سے کسان پریشان انہوں نے فوری طور پر دارالحکومت چنڈی گڑھ کے اعلی افسران سے فون پر بات کی اور انھیں حالات سے باخبر کرایا۔
اس سے پہلے وہ شکراوہ نہر دیکھنے پہنچے اور اب یہ نہر بالکل سوکھ چکی ہے۔
نوح سے رکن اسمبلی آفتاب احمد نے بتایا کہ کسانوں کو پانی کی بہت سخت ضرورت ہے، حکومت کو میوات کے لوگوں کے لیے پانی چھوڑنا ہی ہوگا، اگر راجستھان جانے والا پانی بھی انھیں روکنا پڑے تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
رکن اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ 'ہم کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اب انقلاب کی شروعات ہونے جا رہی ہے، 24 اکتوبر سے احتجاجی مظاہرے کے ساتھ ساتھ اب ہائی وے بھی جام کیا جائے گا۔
غور طلب ہے کہ کوٹلہ پمپ ہاوس آکیڑہ ڈرین سمیت کئی نہریں کافی دنوں سے بالکل سوکھی پڑی ہے۔گزشتہ ہفتے دیے گئے انتباہ کے بعد ایک دن بمشکل پانی آیا اور پھر دوبارہ سے پانی روک دیا گیا۔
دوسری طرف گیہوں اور سرسوں کی فصل بوائی کے لیے کسانوں کو پانی کی سخت ضرورت ہے۔ اگر اس وقت کسانوں کو پانی نہیں ملتا ہے تو فصلوں کی بوائی نہیں ہو سکے گی۔