گروگرام: ریاست ہریانہ کے ضلع گروگرام میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 34 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کا قتل کرکے لاش کے کئی ٹکڑے کیے۔ پولیس نے ملزم شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مانیسر علاقے کے ایک گاؤں میں 21 اپریل کو ایک خاتون کی آدھی جلی ہوئی لاش ملی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اسے کہیں اور قتل کیا گیا ہے۔ خاتون کا سر غائب تھا اور اس کے ہاتھ کٹے ہوئے تھے۔
گروگرام پولیس کمشنر کلا رام چندرن نے کہا کہ ملزم جتیندر سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور مزید تفصیلات جمعہ کو شیئر کی جائیں گی۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق جتیندر گاندھی نگر کا رہنے والا ہے اور مانیسر علاقہ میں کرائے پر رہتا تھا۔ کوکڈولہ گاؤں کے رہنے والے امید سنگھ کے کھیت میں بنے دو کمروں میں سے ایک سے ایک خاتون کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق امید سنگھ نے پچگاؤں چوک سے کسن گاؤں کی طرف جانے والی سڑک کے کنارے آٹھ ایکڑ زمین لیز پر لی تھی۔