ریاستی محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری راجیو اروڑا نے آج یہاں یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں اس وقت 20،268 آشا ورکر قومی صحت مشن کے تحت رکھے گئے ہیں۔
ریاست میں آشا ورکروں کے انتخابی عمل کو آسان اور غیرجانبدار طور سے کوڈفائڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آشا ورکروں کی نامزدگی، کام، ادائیگی اور چھنٹنی سے متعلق قوانین میں بھی بہت سی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ قومی صحت مشن ہریانہ کی حال ہی میں منعقدہ میٹنگ میں انتخاب کے معیار میں ترمیم کی گئی ہے۔ یہ میٹنگ چیف سکریٹری وجئے وردھن کی زیر صدارت منعقد کی گئی تھی۔
قومی صحت مشن، ہریانہ کے مشن ڈائریکٹرپربھجوت سنگھ نے بتایا کہ آشا پے ایپ پورٹل کے نافذ ہونے کے بعد سبھی سطح پر آشا ترغیبی ادائیگی کی نگرانی کی جائے گی۔
آشاورکر اپنی ادائیگی اور کٹوتی کی صورت حال کے بارے میں بھی معلومات حاصل کرسکیں گے۔ آشا ورکر کے انتخاب معیار اور دیگر متعلقہ قواعد میں ترمیم کرکے کم ازکم صلاحیت دسویں پاس طے کی گئی ہے۔
جبکہ میوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آنے والے علاقے کو چھوڑ کر ضلع نوح اور پلول کے تحت بلاک کے لیے جہاں کم از کم صلاحیت آٹھویں پاس ہوگی۔ اس کے علاوہ آشا ورکر کے انتخاب کے لیے عمر کی حد 25 سے 45 سال کے درمیان طے کی گئی ہے اور 60 سال کی عمر حاصل کرنے کے بعد ان کی خدمات ختم کردی جائیں گی۔