گروگرام: نوح فرقہ وارانہ فساد کے الزام میں پولیس کے ذریعہ گرفتار کیے جانے کے محض دو ہفتے بعد نام و نہاد گئو رکھشک بٹو بجرنگی کو بدھ کے روز عدالت نے ضمانت دے دی۔ بٹو بجرنگی کو 17 اگست کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا اور اسے فرید آباد ضلع کی ایک جیل میں رکھا گیا تھا۔ راج کمار عرف بٹو بجرنگی کو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اوشا کنڈو کی شکایت پر نوح کے صدر پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد فرید آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
بٹو بجرنگی پر برج منڈل یاترا کے حوالے سے اشتعال انگیز تقریریں کرنے اور شوبھا یاترا کے دوران پولیس سے ہتھیار چرانے کا الزام ہے۔ نوح تشدد میں نام آنے کے بعد بٹو بجرنگی کو عدالت نے گرفتار کر کے 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا اور ضلع جیل نوح میں مخصوص مذہب کے لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے بجرنگی کو فرید آباد کی ایک جیل میں رکھا گیا تھا۔