متاثر لقمان کے اہل خانہ سے ای ٹی وی بھارت نے بات کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کو جانکاری دیتے ہوئے لقمان کے بڑے بھائی احسان نے بتایا کہ انہیں سب سے پہلے گاؤں کے ایک لڑکے نے فون پر اطلاع یہ دی۔ احسان کہتے ہیں کہ انہوں نے جب فون پر یہ سنا کہ ان کے بھائی کو ہتھوڑوں سے پیٹا جا رہا ہے، تو وہ بےہوش ہوگئے تھے۔
ماب لنچنگ کے شکار لقمان کے اہل خانہ سے بات چیت
ریاست ہریانہ کے میوات کے گاؤں گھاسیڑا کے رہنے والے لقمان بقرعید سے ٹھیک پہلے ماب لنچنگ کا شکار ہوئے تھے۔ لقمان ابھی شہید حسن خاں میواتی میڈیکل کالج نوح میں زیر علاج ہیں۔ جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ اس معاملے میں اب تک پولیس نے چھ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف لقمان کو پیٹا گیا ہے بلکہ ان کے ساتھ لوٹ پاٹ بھی انجام دی گئی ہے۔ اتنا ہی نہیں درندوں نے لقمان کو زندہ جلانے کی بھی کوشش کی تھی۔ جب ہم وہاں اپنے بھائی کو لینے پہنچے تو پولیس نے بھی ہمارے ساتھ کوئی خیر خواہانہ رویہ نہیں دکھایا۔ وہ کچھ بتانے کو تیار نہیں تھے۔ اس وجہ سے میں تھانے میں ہی بے ہوش ہو گیا۔
ای ٹی وی بھارت کو لقمان کے والد نے بتایا کہ ہم صرف انصاف چاہتے ہیں، جس طرح سے ہمارے بچے کو پیٹا گیا ہے اسی طرح سے ان ظالموں کو بھی سزا ملنی چاہیے۔ بس ہم یہی چاہتے ہیں۔