تینوں اراکین اسمبلی اور سینکڑوں کارکنوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ نوح کے ایم ایل اے اور سی ایل پی کے نائب رہنما چودھری آفتاب احمد نے کہا کہ آج ملک بھر کے کاشتکار بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے غلط پالیسیوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ کی راہ پر گامزن ہیں۔ کالے زرعی قوانین ہوں یا مہنگائی میں اضافہ یا تیل ہو یا گیس تمام اشیاء کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں ۔ضلع میوات کانگریس آج کسانوں اور عام آدمی کے مفادات کے لئے کھڑی ہے۔
کانگریس پارٹی کا کسانوں کی حمایت میں احتجاج - نوح ، میوات
ریاست ہریانہ کے ضلع نوح کے تینوں اراکین اسمبلی نے پٹرول ، ڈیزل اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کے چلتے ترنگا یاترا نکالی۔ ضلعی سطح پر ترنگا یاترا کی سربراہی ضلع انچارج پروین بھڑانا نے کی۔ یہ ترنگا یاترا ضلع کانگریس کے دفتر سے قومی شاہراہ نمبر 248A سے ہوتے ہوئے مہاتما گاندھی پارک تک پہنچی ۔اس کے بعد کانگریس کارکنان مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے۔
فیروز پور جھرکا سے رکن اسمبلی مامن خان انجینئر نے کہا کہ میوات کے کاشتکاروں کو آبپاشی کے لئے پورا پانی ملنا چاہئے۔ ہم اسمبلی سے لے کر سڑک تک پانی کے مطالبہ کو مسلسل اٹھا رہے ہیں لیکن بی جے پی حکومت نے جان بوجھ کر پانی کی فراہمی پر منفی رویہ اپنایا ہوا ہے، ہم ہر صورت میں اپنے حق کا پانی لیکر رہیں گے۔
سابق وزیر اور پونہانہ سے رکن اسمبلی محمد الیاس نے کہا ہے کہ ضلع کے تمام کانگریس اراکین نے کسانوں کی جنگ لڑی ہے۔ اب آنے والے وقت میں یہ جنگ اسمبلی میں بھی لڑی جائے گی تاکہ اپنے حقوق حاصل کیے جاسکیں۔