حصار: ہریانہ کے حصار ضلع کے باس گاوں میں ہندوستانی کسان مزدور یونین کے بینر تلے آج ہوئے ہندووں، مسلموں اور سکھوں کی مہاپنچایت نے مسلم تاجروں کے گاوں میں داخلے پر پابندی کی تجویز پیش کرنے والوں کو للکارتے ہوئے کہاکہ ان میں اگر ہمت ہے تو وہ ایسا کرکے دکھائیں۔ باس کی اناج منڈی میں ہوئی اس مہاپنچایت میں ہندو، مسلم، سکھ کمیونٹی کے لوگ شامل ہوئے۔
مہاپنچایت میں اس سلسلے میں کسان لیڈر سریش کوتھ نے باقاعدہ تجویز پڑھی جس کو وہاں موجود تینوں مذہب کے لوگوں نے حمایت کی۔ مہاپنچایت نے تنبیہ کی کہ نوح تشدد کے سلسلے میں مسلمان تاجروں کو گاوں میں داخل نہیں ہونے دینے کی تجویز پیش کرنے والوں میں اگر ہمت ہے تو وہ ایسا کرکے دکھائیں۔ مہاپنچایت کی صدارت گاوں کے بزرگ رام چند مور نے کی۔ کسان اور کھاپ تنظیموں نے بھائی چارہ مضبوط کرنے کا پیغام دیا۔