''ہریانہ میں پھر سے بی جے پی کی حکومت بنے گی''
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے آج دعویٰ کیا کہ ہریانہ اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی 75 سیٹوں پر جیت حاصل کرکے ریاست میں دوبارہ حکومت بنائے گی۔
نریندر سنگھ تومر،جو بی جے پی کے ہریانہ انتخابات کے انچارج ہیں، نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ ان کی پارٹی پوری طاقت سے الیکشن لڑ رہی ہے اور اسے عوام کی پوری حمایت حاصل ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے چار انتخابی ریلیوں کے لئے منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم مودی 14 سے 18 اکتوبر کے دوران بلبھ گڑھ، کروکشیتر، حصار اور چرکھی دادری میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ ہریانہ میں 90 اسمبلی سیٹوں پر 21 اکتوبر کوووٹنگ ہونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ اور بی جے پی صدر امت شاہ اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے انتخابی مہم کے لئے اپنی منظوری دے دی ہے۔