موجودہ وقت میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ چل رہی ہیں اور مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہیں۔ ایسی ہی ایک کہانی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں رہنے والی خاتون خورشید زمانی صدیقی کی ہے جو کامیاب بزنس وومین ہیں اور برسوں سے کپڑوں کا شو روم چلارہی ہیں۔
خورشید زمانی صدیقی کاروباری میں کامیابی حاصل کرکے خواتین کے لیے بہتر مثال بن چکی ہیں۔ چند برسوں قبل سلائی کا کام کرکے اپنا گزارا کرنے والی احمدآباد کی اس خاتون نے کاروبار میں اپنی الگ شناخت بنائی اور شہر میں کپڑوں کا شو روم چلارہی ہیں۔
خورشید زمانی اردو کے مشہور شاعر رحمت امروہی کی بیٹی ہیں۔ ان کی پیدائش امروہہ میں پیدا ہوئی جب کہ شادی احمدآباد کے وقار احمد صدیقی سے ہوئی جو ایک اسکول میں ٹیچر تھے۔
شادی کے بعد خورشید بانو گھر میں رہتے ہوئے کچھ کام کرنا چاہتی تھی۔ چونکہ انہیں سلائی کڑھائی کا کام آتا تھا اس لیے انہوں نے لڑکیوں کے کپڑوں کی سلائی شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ انہیں سلائی کا کام آتا تھا لیکن شوہر چاہتے تھے کی وہ اس کام میں مہارت حاصل کریں اس لیے انہوں نے کپڑے سینے کی ٹریننگ بھی لی اور سلائی کلاسیس میں ڈیزائنر کپڑے سینے میں مہارت حاصل کی جو آج ان کے کاروبار کی کامیابی کی ضامن ہے۔
خورشید زمانی نے بتایا کہ انہوں نے سنہ 1985 میں باقاعدہ سلائی کا کام شروع کیا اور آہستہ آہستہ دو مشین خرید کر کاریگر کو کام پر رکھ لیا جس میں وہ کپڑوں کی کٹنگ کرتیں اور کاریگر ان کپڑوں کی سلائی کرتے تھے۔