جماعت اسلامی ہند پورے ملک میں خدمت خلق کے کام کے لیے پیش پیش رہتی ہے۔ جماعت اسلامی ہند اپنی خدمت خلق کو انجام دینے کے لیے بڑے پیمانے پر میڈیکل شعبے میں بھی کام کر رہی ہے، جس کے تحت جماعت اسلامی ہند گجرات نے شاہین ہیلتھ اینڈ ہائجین سوسائٹی بنائی ہے۔
احمدآباد میں مذکورہ سوسائٹی کے ذریعے تین دواخانے تعمیر کیے گیے ہیں، جس کا نام شاہین دواخانہ رکھا گیا ہے۔ اس تعلق سے شاہین ہیلتھ اینڈ ہائجین سوسائٹی کے سکریٹری تنویر عالم کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی ہند نے خدمت خلق کا کام کرنے لیے شاہین دواخانہ بنایا یے جہاں بہت ہی کم قیمتوں پر مریضوں کو دوا دی جاتی ہے اور ان کاعلاج کیا جاتا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران بھی اس دوا خانے میں لوگوں کا بہترین علاج کیا گیا۔ شاہین دوا خانے کے صدر واصف حسین شیخ نے کہا کہ آج لوگوں کو بھاری فیس دے کر اپنا چھوٹے سے بڑی بیماری کا علاج کرانا پڑتا ہے، لیکن غریبوں کے پاس اتنے پیسے نہیں ہوتے کہ وہ اپنا علاج پرائویٹ ہسپتال یا دوا خانے میں کرا سکیں، ایسے مریضوں کو صرف 15 روپے میں شاہین دواخانہ سے دوائیاں دی جاتی ہیں اور بڑی سے بڑی بیماری کا علاج بھی بہت ہی کفایتی خرچ میں کیا جاتا ہے، اس لیے لوگ یہاں آنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔