احمدآباد:ویلفر پارٹی آف انڈیا گجرات کے صدر اکرام بیگ مرزا نے کہا کہ سابر کانٹھا کے وڈالی میں موب لنچنگ ہوئی مسلمانوں کو مارا پیٹا گیا جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ وڈالی احمدآباد سے 135 کلو میٹر دور ہے ۔اس ہجومی تشدد میں گوشت کا کاروبار کرنے والے افراد جب گوشت لے کر دوسرے گاؤں جا رہے تھے اسی وقت ان پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ گوشت کے کاروباری اپنی گاڑی پر گوشت لے کر جا رہے تھے تبھی بجرنگ دل اور وشو ہندو پرریشد کے لوگوں نے ان پر حملہ کردیا،اس معاملے میں دونوں افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ کاروباریوں پر حملہ افسوسناک ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو گوشت کے کاروبار سے مسئلہ ہے تو وہ اس سلسلے میں پولیس کو اطلاع کرے۔ان لوگوں کو قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کی اجازت کس نے دی ہے۔کسی کے خلاف کارروائی کرنے والے وہ لوگ کون ہیں۔ ویلفر پارٹی آف انڈیا گجرات کے صدر کے مطابق یکے بعد دیگر واقعے کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ گوشت کے کاروباریوں کے خلاف تشدد برپا کرنے والوں میں قانون کا ڈر ختم ہو چکا ہے