احمد آباد: گجرات ہائی کورٹ نے عصمت دری کی شکار ایک نابالغ کے حمل کو ختم کرنے کی اجازت طلب کرنے کے لیے داخل ایک درخواست کی سماعت کی۔ اس دوران ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ پہلے لڑکیوں کا کم عمری میں شادی کرنا اور 17 سال کی عمر سے پہلے بچے کو جنم دینا معمول تھا۔ بدھ کو سماعت کے دوران ہائی کورٹ کے جسٹس سمیر دوے نے مانوسمرتی کا حوالہ دیتے ہوئے اشارہ دیا کہ اگر لڑکی اور جنین دونوں صحت مند ہیں تو وہ درخواست کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔
دراصل عصمت دری کی شکار لڑکی کی عمر 16 سال 11 ماہ ہے اور اس کے پیٹ میں سات ماہ کا جنین ہے۔ چونکہ حمل 24 ہفتوں کی حد سے تجاوز کر چکا تھا، اس کے والد نے حمل ختم کرنے کی اجازت طلب کرنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ بدھ کو متاثرہ کے وکیل نے جلد سماعت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خاندان لڑکی کی عمر کو لے کر پریشان ہے۔
جسٹس دوے نے کہا کہ تشویش اس لیے ہے کہ ہم 21ویں صدی میں رہ رہے ہیں۔ اپنی ماں یا دادی سے پوچھیں۔ چودہ، پندرہ (شادی کے لیے) زیادہ سے زیادہ عمر تھی اور لڑکیوں نے سترہ سال کی ہونے سے پہلے اپنے پہلے بچے کو جنم دیتی تھیں۔ لڑکیاں لڑکوں سے پہلے بالغ ہو جاتی ہیں۔ چونکہ اس کیس میں ڈلیوری کی ممکنہ تاریخ 16 اگست ہے، اس لیے انہوں نے اپنے چیمبر میں ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ کیا، جج نے وکیل کو بھی اس مشورے سے متعلق آگاہ کیا۔