احمدآباد:گجرات میں آج دسویں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ اس امتحان میں گجرات کے مسلم بچوں نے بھی شاندار نمبر لا کر کامیابی حاصل کی ہے۔ احمدآباد کے جوہاپورا کے رہنے والے دو جڑواں بھائیوں نے بھی اپنی محنت سے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ ایس ایس سی بورڈ میں عبدالحنان شیخ کو 99.21 فیصد اور عبدالمنان شیخ کو 99.24 فیصد نمبرات آئے ہیں۔ اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے عبدالحنان شیخ نے بتایا کہ وہ ہیرامنی اسکول میں پڑھتے ہیں۔
انہوں نے ہارڈ ورک کے ساتھ اسمارٹ ورک بھی کیا ہے۔ روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے پڑھائی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے اسکول میں مسلم بچوں میں ہم دو بھائیوں نے ایک گریڈ حاصل کیا ہے۔ ہمیں بہت خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ اسپورٹز میں بھی دلچسپی رکھتا ہوں۔ میں نے کھیل کے میدان میں بھی اپنا نام کمایا ہے۔ آج میں اور میرے اہل خانہ کافی خوش ہیں۔ میں آگے بھی محنت کرتا رہوں گا۔ دسویں کے بعد بڑے ہو کر ڈاکٹر یا انجینئر بننا چاہتا ہوں۔