سورت: ریاست گجرات میں سورت کی سیشن عدالت مودی کنیت تبصرہ کیس میں سنائی گئی سزا کے خلاف کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی کی عرضی پر آج اپنا فیصلہ سنائے گی۔ وایناڈ کے سابق رکن پارلیمان راہل گاندھی نے 3 اپریل کو سیشن کورٹ میں اپیل کی تھی، جس میں نچلی عدالت کی طرف سے 23 مارچ کو سنائی گئی سزا پر روک لگانے کی درخواست کی گئی تھی۔ راہل گاندھی کی عرضی پر 13 اپریل کو سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت نے 20 اپریل یعنی آج تک کے لیے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اس بات کا امکان ہے کہ سورت کی سیشن کورٹ آج صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے درمیان کسی بھی وقت اپنا فیصلہ دے سکتی ہے۔ 13 اپریل کو سماعت کے دوران کانگریس رہنما راہل گاندھی کی جانب سے یہ دلیل دی گئی تھی کہ نچلی عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا کافی زیادہ ہے۔ اس دوران شکایت کنندہ کے وکیل نے بھی اپنے دلائل پیش کیے جس کے بعد اے ڈی جے رابن پال موگیرن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔