نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز بھی 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کیس کے تمام 11 قصورواروں کی رہائی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ عوامی اشتعال کا عدالتی فیصلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بلقیس بانو کی نمائندگی کرنے والی ایڈوکیٹ شوبھا گپتا نے جسٹس بی وی ناگارتنا اور اجل بھوئیاں کی بنچ کے سامنے دلیل دی کہ عوامی غم و غصہ تھا اور یہ ان اہم عوامل میں سے ایک ہے جس پر مجرموں کو استثنیٰ دیتے وقت غور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا ’’ اس عدالت کے فیصلوں کے مطابق جن عوامل پر غور کیا جان چاہیے، انہیں (مجرموں کی سزا میں) چھوٹ دیتے وقت جرم کی جانچ، اثر کی جانچ، سماجی تشویش، نفرت وغیرہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دلیل دی کہ کم از کم سزا 14 سال ہے، لیکن ان لوگوں کے لیے جو قتل کے مرتکب ہونے کے لیے پیشگی تدبیر اور غیر معمولی تشدد یا ظلم کے ساتھ کیے گئے، سزا 26 سال ہے۔ غیر معمولی تشدد یا ظلم، یا متاثرہ شخص کے جل کر مرنے، یا عصمت دری کے بعد قتل کے جرم کے مرتکب افراد کے لیے یہ سزا 28 سال ہے۔ عدالت عظمیٰ کے سامنے وکیل نے کہا کہ یہ عوامی غم و غصہ تھا۔ عوامی سطح پر مشتعل افراد نے معافی کو چیلنج کرنے کے لیے اس عدالت سے رجوع کیا۔ گپتا نے پوچھا کہ جن لوگوں نے ان کی (بلقیس بانو) عصمت دری کی۔ ان کے پورے خاندان کو قتل کردیا، وہ اس رعایت کے مستحق ہیں جو انہیں دی گئی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے کہا کہ مجرموں کی رہائی کے خلاف معاشرے کے غم و غصے اور احتجاج کا اس کے فیصلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور عدالت قانونی دلائل پر غور کرے گی اور قانون پر عمل کرے گی۔ گپتا نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج ہو رہا ہے۔ بنچ نے گپتا سے کہا کہ فرض کریں کہ کوئی عوامی غم و غصہ نہیں ہے۔ تو کیا ہمیں یہ حکم برقرار رکھنا چاہیے؟ اور اگر عوامی غم و غصہ ہے تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ حکم غلط ہے؟'
گپتا نے استدلال کیا کہ عدالت عظمیٰ نے گجرات حکومت کو ایک مجرم کی طرف سے دائر درخواست پر غور کرنے کی ہدایت دی جس کے بعد سب کچھ تیز ہوگیا اور ان تمام مجرموں کو 15 اگست 2022 کو رہا کر دیا گیا۔ مجرموں کو معافی دینے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کرنے والوں میں سے ایک کی نمائندگی کرنے والی سینئر ایڈوکیٹ اندرا جے سنگھ نے نشاندہی کی کہ مجرموں کو ہار پہنائے گئے اور انہیں مبارکباد دی گئی اور ان کے برہمن ہونے کے بارے میں یہ بھی کہا گیا یہ برہمن ہیں جو جرم نہیں کر سکتے۔