حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کی آج منعقد پہلی میٹنگ میں شری رام جنم بھومی تحریک کے معروف سنت مہنت نرتیہ گوپال داس کو ٹرسٹ کا صدر بنایا گیا اور اعلان کیا گیا کہ رام مندر کی تعمیر اسی ماڈل پر کی جائے گی جو تقریباً دو دہائی سے رام بھکتوں کے دلوں میں بسی ہوئی ہے۔
ٹرسٹ کی میٹنگ میں مہنت نرتيہ گوپال داس کے صدر اور شری رام جنم بھومی تحریک میں شروع سے اب تک شامل رہے وشو ہندو پریشد کے رہنما چمپت رائے کو جنرل سکریٹری بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وہیں دوسری جانب وزیراعظم کے سابق چیف سکریٹری نرپیندر مشرا کو مندر تعمیراتی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا اور مہنت گووند دیو گری کو خزانچی مقرر کیا گیا۔
میٹنگ میں طے کیا گیا کہ ٹرسٹ کا کھاتہ ایودھیا میں واقع بھارتیہ اسٹیٹ بینک میں کھول دیا جائے گا اور مسٹر چمپت رائے، مہنت گووند دیو گری اور مسٹر انل مشرا میں سے کسی دو کے دستخط سے اس کو آپریٹ کیا جائے گا۔
میٹنگ میں قرارداد منظور کرکے 1528 سے 1984 تک شری رام جنم بھومی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے سنتوں اور بہادر لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک دوستانہ ماحول قائم کرنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی حکومت، آئینی اداروں اور سماج کے سبھی طبقات کا شکریہ ادا کیا۔