ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کے سردار باغ علاقہ میں کانگریس پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے بلقیس بانو کو انصاف دلانے کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی کے خلاف احتجاج کر رہے کانگریس کے ارکان اسمبلی اور سماجی کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ Protest demonstration against the release of Bilkis Bano criminals
اس موقع پر رکن اسمبلی جاوید پیر زادہ نے کہا کہ گجرات حکومت نے عصمت دری کے مجرموں کو آزاد کردیا ہے، اگر قاتلوں اور خواتین کی آبرو سے کھیلنے والوں پر حکومت کی ایسی مہربانی ہوگی تو پھر خواتین کی عزت کیسے سلامت رہےگی؟ اور ملک پر اس کے کیا اثرات مرتب ہونگے؟۔
وہیں احمدآباد شہر سے کانگریس پارٹی کے شعبہ اقلیت کے چیئرمین رشید شیخ نے کہا کہ 15 اگست کو ملک بھر میں آزادی کا امرت مہوتسو منا یا جا رہا تھا اس وقت وزیر اعظم نریندر مودی خواتین کے تئیں احترام بات کر رہے تھے، ان کے خطاب کے ٹھیک دو گھنٹے کے بعد بلقیس بانو کے مجرمین کو رہا کردیا گیا، یہ باعث شرم ہے۔
مزید پڑھیں:Bilkis Bano Rape Case بلقیس بانو کیس میں قصورواروں کی رہائی کے خلاف کولکاتا میں احتجاج
اس کے علاوہ سماجی کارکن شکیل سندھی نے کہا کہ’’ آزادی کے امرت مہوتسو پر درندہ صفت انسانوں کو چھوڑا گیا، بلقیس بانو کے قصور واروں کو رہا کیا گیا جو کہ شرم کی بات ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا اس وحشت ناک اور انسانیت سوز معاملات سے جڑے مجرمین کو کیفر کردار تک پہونچایا جائے۔