گاندھی نگر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ اسکولوں کا بھی یوم تاسیس منایا جانا چاہئے، جس سے تعلق کی ایک نئی شروعات ہوگی اور رابطے میں اضافہ ہوگا۔مودی نے آل انڈیا پرائمری ٹیچرس ایسوسی ایشن کے 29ویں دو سالہ کنونشن ’’اکھل بھارتیہ شکشا سنگھ ادھیوشن‘‘ میں کہا کہ ہر اسکول کو اپنا یوم تاسیس منانا چاہیے۔ ہندوستان 21ویں صدی کی جدید ضرورتوں کے مطابق نئے نظام بنا رہا ہے۔ معاشرے میں ایسا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے جس میں لوگ رضاکارانہ طور پر استاد بننے کے لیے آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی مادری زبان میں تعلیم کو فروغ دیتی ہے۔ یہ نئی قومی تعلیمی پالیسی اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں کے لیے استاد خاندان سے باہر پہلا فرد ہوتا ہے جس کے ساتھ وہ زیادہ سے زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ اس لیے تمام اساتذہ میں اس ذمہ داری کا احساس ہندوستان کی آنے والی نسلوں کو بہت مضبوط کرے گا۔ ٹیکنالوجی معلومات فراہم کر سکتی ہے، لیکن صحیح نقطہ نظر نہیں۔ آج کی نسل کے طلباء کا تجسس ایک نیا چیلنج لے کر آیا ہے۔ یہ طلباء اعتماد سے بھرپور ہیں۔ وہ بے خوف ہیں۔ ان کی فطرت استاد کو روایتی طریقہ تدریس سے باہر نکلنے کا چیلنج دیتی ہے۔